محبت اور دیگر کباڑ | رشاد بخاری | Mohabbat Aur Digar Kabar | Rashid Bukhari
محبت اور دیگر کباڑ | رشاد بخاری | Mohabbat Aur Digar Kabar | Rashid Bukhari
"محبت اور دیگر کباڑ" کے عنوان سے میرے افسانوں کا مجموعہ اشاعت کے لیے تیار ہے۔ جناب محمد حفیظ خان، جناب محمد حمید شاہد اور جناب ڈاکٹر روش ندیم کا بالخصوص تہ دل سے شکر گزار ہوں، جس کی راہنمائی اور حوصلہ افزائی نے اس کی اشاعت کا فیصلہ کرنے میں مدد دی۔ دیگر چند دوست احباب نے بھی پڑھ سن کر ہمت بڑھائی جن کا ممنون ہوں۔ ورنہ ہم کہاں اور کہاں یہ کہانیوں کا چیستان، یہ ادب کی وادی پرخار، گل و گلزار۔ یہ کتاب فکشن ہاؤس، لاہور کی جانب سے جلد ہی چھپ کر آجائے گی اور اپنے کرموں کا پھل پائے گی۔ پچھلے بیس پچیس سالوں میں جن قصوں پر کھلکھلاتے رہے، جلتے کڑھتے رہے، دل کے پھپھولے پھوڑتے رہے، جن کرداروں کو سمجھنے کی کوشش کرتے رہے، سمجھ سمجھ کے بھی جن کو نہ سمجھ پائے، آج اشاعت کے کانٹے پر رکھ دیے ہیں، اب یہ جانیں اور ان کو پڑھنے والے جانیں۔ امید ہے کہیں نہ کہیں دلوں کے تار بجیں گے، کچھ صورتیں نظر آئیں گی، اصلی اصلی سی نقلی، نقلی نقلی سی اصلی۔ کوئی شاید اپنا اپنا سا لگے، کوئی اجنبی جس میں کسی کی کوئی شباہت ہے، کسی پر غصہ آئے گا، کسی پر ترس، کسی سے شاید محبت ہوجائے اور کسی کو شاید آپ دریا برد کرنا پسند کریں۔ کیا کریں، جو ہے سو ہے۔ میر صاحب کہہ گئے ہیں::
وہ رشک گنج ہی نایاب تھا بہت ورنہ
خرابہ کون سا جس میں نہ میں خراب پھرا
کسو سے حرف محبت کا فائدہ نہ ہوا
بغل میں میں تو لیے یاں بہت کتاب پھرا
یکم اکتوبر، ۲۰۲۴